وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کا ٹیکس چوروں کے خلاف سخت کارروائی کا حکم

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے ٹیکس چوری کرنے والوں اور جعلی رسیدیں جاری کرنے والے کاروباری اداروں کے خلاف سخت کارروائی کی ہدایت جاری کر دی ہے۔

لاہور میں محکمہ ریونیو کے ایک اعلیٰ سطحی اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے وزیراعلیٰ نے ٹیکس نظام کو مزید مؤثر اور شفاف بنانے کے لیے مختلف اقدامات کی منظوری دی۔

اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ شادی ہالز، مارکیز، فارم ہاؤسز اور بڑی فوڈ چینز کی سرگرمیوں کی نگرانی جدید کیمروں کے ذریعے کی جائے گی تاکہ ٹیکس وصولی کے عمل کو بہتر بنایا جا سکے اور بے ضابطگیوں کی روک تھام ممکن ہو۔

مریم نواز شریف نے نقد لین دین کے بجائے مرحلہ وار ڈیجیٹل ادائیگیوں کے نظام کو فروغ دینے کی بھی ہدایت کی، جس سے مالی معاملات میں شفافیت اور ٹیکس نیٹ میں اضافہ متوقع ہے۔

وزیراعلیٰ نے پنجاب ریونیو اتھارٹی (PRA) کو ہدایت کی کہ ٹیکس قوانین پر عملدرآمد کو مزید مؤثر بنایا جائے، عوام میں ٹیکس کی اہمیت کے حوالے سے آگاہی بڑھائی جائے اور جدید ٹیکنالوجی کے استعمال کو فروغ دیا جائے۔

انہوں نے کہا کہ صوبے کی ترقی اور عوامی فلاح کے منصوبوں کے لیے محصولات میں اضافہ ناگزیر ہے، لہٰذا ٹیکس نظام کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کیا جائے گا۔

Exit mobile version