پاکستان اور روس کے درمیان بین الاقوامی دہشت گردی کے انسداد سے متعلق مشترکہ ورکنگ گروپ کا 12واں اجلاس آج اسلام آباد میں منعقد ہوا۔
وزارتِ خارجہ کے مطابق اجلاس کی مشترکہ صدارت پاکستان کی جانب سے ایڈیشنل سیکریٹری سفیر محمد خالد خان جمالی جبکہ روسی وفد کی قیادت روسی فیڈریشن کے نائب وزیر خارجہ دمتری لیوبنسکی نے کی۔
اجلاس کے دوران خطے کو درپیش دہشت گردی کے خطرات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا، جس میں خاص طور پر افغانستان سے جنم لینے والی دہشت گردی اور اس کے ہمسایہ ممالک اور وسیع تر علاقائی سلامتی پر ممکنہ اثرات کا جائزہ لیا گیا۔
دونوں ممالک کے وفود نے انسدادِ دہشت گردی کے شعبے میں دوطرفہ تعاون کی موجودہ صورتحال کا بھی جائزہ لیا اور علاقائی و بین الاقوامی فورمز، بالخصوص اقوام متحدہ اور شنگھائی تعاون تنظیم (SCO)، میں باہمی اشتراک اور رابطوں کو مزید مضبوط بنانے کے امکانات پر غور کیا۔
اجلاس میں اس عزم کا اعادہ کیا گیا کہ پاکستان اور روس دہشت گردی کے خلاف مشترکہ کوششوں، معلومات کے تبادلے اور بین الاقوامی تعاون کو مزید فروغ دیں گے تاکہ خطے میں امن، استحکام اور سلامتی کو یقینی بنایا جا سکے۔
