آٹھ ایرانی ماہی گیروں کو کامیابی کے ساتھ ان کے وطن واپس بھجوا دیا گیا ہے، اسحاق ڈار

نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ سمندر میں پیش آنے والے حادثے کے بعد برطانوی جہاز ایم ایم اے ویلور (MMA Valour) کے ذریعے بچائے گئے آٹھ ایرانی ماہی گیروں کو کامیابی کے ساتھ ان کے وطن واپس بھجوا دیا گیا ہے۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس (X) پر اپنے بیان میں اسحاق ڈار نے بتایا کہ ایرانی ماہی گیروں کی کشتی سمندر میں حادثے کا شکار ہو کر پھنس گئی تھی، جس کے بعد انہیں برطانوی جہاز نے ریسکیو کیا۔

انہوں نے کہا کہ مذکورہ ماہی گیر آج صبح کراچی سے ایران کے لیے روانہ ہو گئے ہیں۔

نائب وزیراعظم نے بتایا کہ پاکستان کی وزارت خارجہ اور دیگر متعلقہ اداروں نے ایرانی اور برطانوی حکام کے ساتھ قریبی رابطہ اور مؤثر تعاون کیا، جس کے نتیجے میں ایرانی شہریوں کی محفوظ منتقلی اور جلد وطن واپسی ممکن بنائی گئی۔

اسحاق ڈار نے کہا کہ پاکستان انسانی ہمدردی اور علاقائی تعاون کے اصولوں کے تحت دوست ممالک کے شہریوں کی مدد کے لیے ہمیشہ اپنا مثبت کردار ادا کرتا رہے گا۔

انہوں نے اس کامیاب کارروائی میں شامل تمام متعلقہ اداروں اور حکام کی کاوشوں کو بھی سراہا۔

Exit mobile version