وزیراعظم محمد شہباز شریف نے متعلقہ حکام کو گلگت بلتستان میں 100 میگاواٹ شمسی توانائی کے منصوبے پر کام کی رفتار تیز کرنے اور اس کی جلد از جلد تکمیل کو یقینی بنانے کی ہدایت کی ہے۔گلگت بلتستان میں 100 میگاواٹ شمسی توانائی کے منصوبے پر جائزہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ گلگت بلتستان کے عوام کیلئے 100 میگاواٹ کے سولر پاور سپلائی منصوبے کے تمام اخراجات وفاقی حکومت برداشت کرے گی۔
وزیراعظم نے مزید ہدایت کی کہ منصوبے کے تمام مراحل میں شفافیت یقینی بنانے کیلئے غیر جانبدار تھرڈ پارٹی ویلیڈیشن یقینی بنائی جائے۔اجلاس میں متعلقہ حکام نے گلگت ـ بلتستان میں وفاقی حکومت کے سولر منصوبے کے حوالے سے بریفنگ دی۔
بریفنگ میں بتایا گیا کہ حکومت نے گلگتـ بلتستان کی سرکاری عمارتوں کیلئے 18 میگا واٹ شمسی توانائی کا منصوبہ تشکیل دیا ہے۔شرکاء کو بتایا گیا کہ گلگت اور دیامیر ڈویژنز کی سرکاری عمارات کیلئے 18 میگا واٹس کا منصوبہ رواں سال دسمبر، جبکہ بلتستان ڈویژن کی سرکاری عمارات کی سولرائزیشن کا منصوبہ رواں سال اکتوبر تک مکمل کر لیا جائے گا۔
بریفنگ میں مزید بتایا گیا کہ گلگت، سکردو، چلاس اور خپلو میں گھروں کیلئے 82 میگاواٹ کے شمسی توانائی منصوبے پر بھی کام جاری ہے۔اجلاس میں وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال، وزیر اقتصادی امور احد خان چیمہ، وزیر پاور ڈویژن سردار اویس احمد خان لغاری، وزیر برائے امور کشمیر و گلگتـبلتستان انجینئر امیر مقام اور متعلقہ اعلیٰ سرکاری افسران نے شرکت کی۔
