عالمی رہنماؤں نے امریکہ اور ایران کے درمیان طے پانے والے اس معاہدے کا خیر مقدم کیا ہے جس کا مقصد مشرقِ وسطی میں کشیدگی کم کرنا ہے۔
اپنے الگ الگ بیانات میں اقوامِ متحدہ، آسٹریلیا، قطر، فرانس، ترکیے، جاپان، نیوزی لینڈ اور جرمنی کے رہنماؤں نے اس معاہدے کی حمایت کا اظہار کیا۔
اقوامِ متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس نے امریکہ اور ایران کو امن معاہدے تک پہنچنے پر مبارکباد دی، جس کے تحت فوری اور مستقل جنگ بندی، آبنائے ہرمز کو دوبارہ کھولنے اور مزید مذاکرات کے لیے ایک لائحہ عمل فراہم کیا گیا ہے۔
انہوں نے اپنے ایکس اکائونٹ پر ایک پیغام میں مذاکرات کی حمایت اور امن معاہدے تک پہنچنے میں تعمیری کردار ادا کرنے پر پاکستان، قطر، مصر، سعودی عرب، ترکیے اور دیگر علاقائی ممالک کو بھی خراجِ تحسین پیش کیا۔
ادھر ایرانی میڈیا رپورٹس کے مطابق ایران کی سپریم نیشنل سکیورٹی کونسل نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ واشنگٹن اور تہران کی جانب سے اعلان کردہ مفاہمتی یادداشت سے لبنان سمیت تمام محاذوں پر جنگ ختم ہوجائے گی اور ایران کے خلاف بحری ناکہ بندی فوری اور مکمل طور پر ختم کر دی گئی ہے۔
ایران کی سپریم نیشنل سکیورٹی کونسل نے اپنے بیان میں ثالثی کی کوششوں پر پاکستان اور قطر کا بھی شکریہ ادا کیا۔
آسٹریلیا، ترکیے، قطر اور برطانیہ نے بھی اس معاہدے تک پہنچنے میں پاکستان اور دیگر ممالک کے کردار کو سراہا۔
