وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ عام آدمی کو ریلیف فراہم کرنا اور ملکی معیشت کو ترقی کی راہ پر گامزن کرنا حکومت کی اولین ترجیح ہے۔
اسلام آباد میں پارلیمنٹ ہاؤس میں مختلف ارکانِ قومی اسمبلی سے الگ الگ ملاقاتوں کے دوران وزیراعظم نے کہا کہ حکومتی پالیسی اصلاحات کا عمل جاری رہے گا تاکہ معاشی استحکام کے ثمرات نچلی سطح تک پہنچائے جا سکیں۔
انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ موجودہ معاشی استحکام کو پائیدار اقتصادی ترقی میں تبدیل کیا جائے گا، جس سے نوجوانوں کے لیے روزگار کے وسیع مواقع پیدا ہوں گے۔
وزیراعظم نے مالی سال 2026-27 کے بجٹ کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ تنخواہ دار طبقے کو زیادہ سے زیادہ ریلیف فراہم کیا گیا ہے، جبکہ کاروباری برادری کے لیے ٹیکس میں رعایتوں اور دیگر سہولتوں کا مقصد سرمایہ کاری اور معاشی سرگرمیوں کو فروغ دینا ہے۔
اس موقع پر ارکانِ قومی اسمبلی نے متوازن اور عوام دوست بجٹ پیش کرنے پر وزیراعظم کی قیادت کو سراہا اور عوامی فلاح و بہبود اور اقتصادی ترقی کے لیے حکومتی اقدامات کی مکمل حمایت کا اظہار کیا۔
ملاقاتوں میں متعلقہ حلقوں کے ترقیاتی اور عوامی مسائل پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیراعظم سے ملاقات کرنے والے ارکان میں ثمینہ خالد، شاہدہ رحمان، ابرار شاہ، جمال شاہ کاکڑ، خرم شہزاد، سردار یعقوب خان ناصر، ریٹائرڈ میجر طاہر اقبال اور میان خان بگٹی شامل تھے۔
