وزیراعظم محمد شہبازشریف نے اقوامِ متحدہ کے امن مشنوں میں فعال شرکت کے ذریعے عالمی امن کے فروغ کے لیے پاکستان کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔آج اقوامِ متحدہ کے امن دستوں کے عالمی دن کے موقع پر اپنے پیغام میں انہوں نے کہا کہ پاکستان کی مسلسل خدمات بین الاقوامی امن و سلامتی اور کثیرالجہتی اصولوں سے اس کی دیرینہ وابستگی کی عکاس ہیں۔
وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان، اقوامِ متحدہ کے پرچم تلے خدمات انجام دینے والے بہادرافراد کو خراجِ تحسین پیش کرنے کے لیے عالمی برادری کے ساتھ شامل ہے۔اس سال دن کا موضوع ہے۔”امن میں سرمایہ کاری” جو پائیدار امن کے فروغ اور دنیا بھر میں انسانی جانوں کے تحفظ کے لیے مضبوط سیاسی عزم اور مالیاتی تعاون کی اہمیت کو اجاگر کرتا ہے۔
صدر آصف علی زرداری نے اقوام متحدہ کے امن دستوں کے عالمی دن کے موقع پر اپنے پیغام میں اقوام متحدہ کے امن مشن کیلئے پاکستان کی بھرپور حمایت کا اعادہ کیا۔انہوں نے اقوام متحدہ کے پرچم تلے دنیا بھر میں امن اور استحکام کیلئے خدمات انجام دینے والے تمام امن دستوں کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کیا۔صدر نے کہا کہ ہم بین الاقوامی امن اور سلامتی کی خاطر اپنی جانیں قربان کرنے والے ایک سو تراسی پاکستانی امن کارکنوں کے عزم و ہمت پر انہیں خراج عقیدت پیش کرتے ہیں۔
