نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ پاکستان خطے اور دنیا میں امن کے قیام کیلئے فعال اور تعمیری کردار ادا کر رہا ہے۔
انہوں نے یہ بات نیویارک میں پاکستانی نژاد امریکی کمیونٹی کے اعزاز میں دیے گئے عید ڈنر سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔
اسحاق ڈار نے کہا کہ پاکستان کی امن کوششیں ملک کی سنجیدگی، ساکھ اور بین الاقوامی امن و استحکام سے وابستگی کی عکاس ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جو قوم اپنے دفاع کی بھرپور صلاحیت رکھتی ہو، وہ مؤثر اور قابلِ اعتماد انداز میں امن کے قیام کیلئے بھی کردار ادا کر سکتی ہے۔
نائب وزیراعظم نے کہا کہ حکومت نے ملک کو معاشی چیلنجز کے مشکل دور سے نکال کر استحکام کی جانب گامزن کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اب پائیدار اور تیز رفتار اقتصادی ترقی کے راستے پر گامزن ہے، جس کا مقصد عوام کے معیارِ زندگی کو بہتر بنانا ہے۔
اسحاق ڈار نے پاکستانی نژاد امریکی کمیونٹی پر زور دیا کہ وہ اپنی جڑوں سے وابستگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے پاکستان میں سرمایہ کاری کریں اور ملک کی ترقی کے سفر میں شریک بنیں۔
