چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے مغربی سرحدوں پر تعینات فرنٹ لائن دستوں کے ساتھ عید منانے کیلئے بلوچستان کے ضلع ژوب کا دورہ کیا۔آئی ایس پی آر کے مطابق دورے کا آغاز نمازِ عید کی ادائیگی سے ہوا، جس کے بعد پاکستان کے پائیدار امن، استحکام اور خوشحالی کیلئے خصوصی دعائوں سمیت وطن کے دفاع میں جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے شہدا کے لیے بھی دعا کی گئی۔
فیلڈ مارشل نے افسروں اور جوانوں کو عید کی مبارکباد دیتے ہوئے غیر ملکی زیر سرپرستی دہشت گردی سے نمٹنے کیلئے ان کے غیر معمولی حوصلے، غیر متزلزل عزم، جنگی تیاری اور ہر دم تیار رہنے کے جذبے کو سراہا۔بھارتی سرپرستی میں سرگرم فتنہ الہندستان اور اس کے سہولت کاروں کی جانب سے کوئٹہ میں حالیہ بزدلانہ دہشت گرد حملے کا حوالہ دیتے ہوئے فیلڈ مارشل نے کہا کہ ایسی غیر انسانی اور وحشیانہ کارروائیاں پاک فوج اور قوم کے عزم کو کمزور نہیں کر سکتیں۔فیلڈ مارشل نے یادگارِ شہدا پر پھول بھی رکھے۔
