وزیراعظم محمد شہباز شریف نے امن، استحکام اور حکومتوں و بین الاقوامی شراکت داروں کے ساتھ تعمیری روابط کے فروغ کیلئے پرنس رحیم آغا خان پنجم کے عزم کو سراہا ہے۔
وزیراعظم نے ان خیالات کا اظہار پرنس رحیم آغا خان پنجم کے پاکستان کے پہلے سرکاری دورے کے موقع پر اسلام آباد میں ان کے اعزاز میں دیئے گئے ناشتے کی ایک خصوصی تقریب کے موقع پر کیا۔
وزیراعظم نے پرنس رحیم آغا خان پنجم کا پرتپاک خیرمقدم کیا اور ان اعلیٰ مقاصد کیلئے پاکستان کے مشترکہ عزم کا یقین دلایا۔
وزیراعظم نے آغا خان ڈیویلپمنٹ نیٹ ورک کی پاکستان کے ساتھ بالخصوص گلگت بلتستان اور چترال میں شراکت داری مستحکم کرنے اور اسے فروغ دینے کی حوصلہ افزائی کی جہاں اس نیٹ ورک کی ادارہ جاتی موجودگی اور عوامی خدمات کو انتہائی قدر کی نگاہ سے دیکھا جاتا ہے۔
وزیراعظم نے مرحوم پرنس کریم آغا خان چہارم کی پاکستان کیلئے خدمات کے اعتراف میں پاکستان پوسٹ کی جانب سے جاری کردہ یادگاری ڈاک ٹکٹ بھی پیش کیا۔
پرنس رحیم آغا خان پنجم نے پاکستان میں اپنے پرتپاک استقبال پر وزیراعظم محمد شہباز شریف کا شکریہ ادا کیا اورانسانی ترقی کے مختلف اقدامات میں پاکستان کے ساتھ تعاون جاری رکھنے کی خواہش کا اظہار کیا۔
