وزیراعظم کا پاکستان اور چین کے درمیان کاروباری تعاون میں اضافے پر اطمینان کا اظہار

وزیراعظم شہباز شریف نے پاکستان اور چین کے درمیان "بزنس ٹو بزنس” تعاون میں اضافے پر اطمینان کا اظہار کیا ہے۔

وہ آج اسلام آباد میں آئی بی آئی بیجنگ یونائیٹڈ ٹیکنالوجی کے صدر اور کنٹرولنگ شیئر ہولڈر چیان شیاوجن کی قیادت میں آنے والے اعلیٰ سطحی چینی کاروباری وفد سے گفتگو کر رہے تھے۔

وزیراعظم نے وفد کو پاکستان آمد پر خوش آمدید کہتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور چین کے درمیان تاریخی تعلقات قائم ہیں اور دونوں ممالک ہر موسم کے اسٹریٹجک تعاون پر مبنی شراکت دار ہیں۔

انہوں نے چینی صدر شی جن پنگ کی قیادت میں چین کی شاندار ترقی کو سراہتے ہوئے کہا کہ وہ اس ماہ کے آخر میں اپنے دورۂ چین کے منتظر ہیں۔

وزیراعظم نے آئی بی آئی گروپ کی جانب سے پاکستان میں ڈیجیٹل اکانومی ہیڈکوارٹر قائم کرنے کے فیصلے کو سراہا اور کہا کہ پاکستان اور چین کے درمیان کاروباری تعاون میں مسلسل اضافہ خوش آئند ہے۔

انہوں نے کہا کہ یہ امر خاص طور پر حوصلہ افزا ہے کہ آئی بی آئی گروپ ڈیجیٹل اکانومی، سرمایہ کاری میں سہولت اور صنعتی تعاون کے فروغ میں اہم کردار ادا کرے گا۔

اس موقع پر چیان شیاوجن نے پاکستان کی معیشت پر اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ آئی بی آئی پاکستان کی معیشت کی ڈیجیٹل تبدیلی کے لیے مضبوط ڈیجیٹل بنیاد فراہم کرنے میں مدد کرنا چاہتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان میں آئی بی آئی کا ڈیجیٹل اکانومی ہیڈکوارٹر اس تبدیلی کے لیے کمانڈ سینٹر ثابت ہوگا اور اس سے پاکستان کے چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروباری اداروں کو چینی مارکیٹ تک رسائی کے وسیع مواقع میسر آئیں گے۔

Exit mobile version