حکومت شمسی توانائی کے فروغ کی حوصلہ افزائی کر رہی ہے،بلال اظہر کیانی

قومی اسمبلی کو بتایا گیا ہے کہ حکومت ملک میں شمسی توانائی کے فروغ اور حوصلہ افزائی کے لیے اقدامات کر رہی ہے۔وقفہ سوالات کے دوران وزیر مملکت برائے خزانہ بلال اظہر کیانی نے ایوان کو بتایا کہ نئے پروزیومر ضوابط کے تحت سولر پاور کی تنصیب عوام کے لیے اب بھی پرکشش اور فائدہ مند ہے۔

انہوں نے کہا کہ محدود وسائل کے باوجود حکومت نے عوام کو ریلیف فراہم کرنے کی بھرپور کوشش کی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ مشرق وسطیٰ کی صورتحال کے باعث عالمی سطح پر تیل کی قیمتوں میں اضافے سے صارفین کو بچانے کے لیے 129 ارب روپے کا فیول سبسڈی پیکیج دیا گیا۔

بلال اظہر کیانی نے بتایا کہ رواں مالی سال کے دوران بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کے لیے 716 ارب روپے مختص کیے گئے ہیں تاکہ ایک کروڑ سے زائد خاندانوں کو مالی معاونت فراہم کی جا سکے۔

دریں اثنا، توجہ دلاؤ نوٹس کا جواب دیتے ہوئے وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چوہدری نے کہا کہ اسلام آباد کے سیکٹر آئی-12 میں ترقیاتی کام تقریباً مکمل ہو چکا ہے اور آئندہ چند ہفتوں میں قبضے کی حوالگی کے آخری مرحلے کا آغاز کر دیا جائے گا۔

قومی اسمبلی کا اجلاس اب پیر کی شام پانچ بجے دوبارہ ہوگا۔

Exit mobile version