وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ حکومت نوجوانوں کو تعلیم، ہنر، روزگار اور کاروبار کے بہتر مواقع فراہم کرنے کیلئے پرعزم ہے۔وہ اسلام آباد میں وزیراعظم یوتھ پروگرام کے تحت جاری منصوبوں کی پیش رفت کا جائزہ لینے کے لیے اجلاس کی صدارت کر رہے تھے۔
وزیراعظم نے کہا کہ نوجوانوں کو آئی ٹی اور دیگر شعبوں میں عالمی معیار کی تعلیم و تربیت فراہم کرنے کیلئے اقدامات میں اضافہ کیا جارہا ہے۔اُنہوں نے کہا کہ ہائر ایجوکیشن کمیشن اور وزارت انفارمیشن ٹیکنالوجی جامعات میں انفارمیشن ٹیکنالوجی کی تعلیم کو عالمی تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے کیلئے جامع لائحہ عمل پیش کریں۔
شہباز شریف نے کہا کہ وزیرِاعظم یوتھ پروگرام نوجوانوں کی تکنیکی و فنی تربیت پر توجہ مرکوز کرے جس سے نوجوانوں کیلئے ملک اور بیرون ملک روزگار کے مواقع یقینی ہوں۔وزیراعظم نے ہدایت کی کہ مختلف آسان قرضہ سکیموں کو ایک ہی چھتری تلے لایا جائے، تاکہ نوجوان باآسانی اپنا کاروبار شروع کرسکیں۔
اُنہوں نے کم آمدن و متوسط طبقے سے تعلق رکھنے والے نوجوانوں کو الیکٹرک بائیکس کی فراہمی کیلئے یوتھ پروگرام کو وزارت صنعت کے ساتھ تعاون کی بھی ہدایت کی۔
اجلاس کے دوران شرکاء کو پرائم منسٹر یوتھ پروگرام کے تحت جاری منصوبوں کی کارکردگی اور پیش رفت کے بارے میں بریفنگ دی گئی۔شرکاء کو مزید بتایا گیا کہ وزیرِ اعظم یوتھ بزنس اینڈ ایگری لونز کے تحت اب تک 2 لاکھ 87 ہزار سے زائد نوجوانوں کو 122.5 ارب روپے کاروبار و زراعت کیلئے آسان شرائط پر بطور قرض دیئے جا چکے جسکی بدولت 9 لاکھ سے زائد روزگار کے موقع پیدا ہوئے۔
اجلاس کو بتایا گیا کہ پہلی یوتھ اینڈ ایڈولیسنٹ پالیسی” اور پہلی یوتھ روزگار پالیسی تیار ہو چکی ہے۔ اسی طرح ملک میں پہلی قومی یوتھ کونسل کا قیام، وزیرِ اعظم اسپورٹس اینڈ ٹیلنٹ ہنٹ پروگرام کا اجرا بھی ہوا۔ سپورٹس اینڈ ٹیلنٹ ہنٹ پروگرام کے تحت رواں برس 4 لاکھ نوجوانوں نے اس میں حصہ لیا۔اجلاس کو مکس مارشل آرٹس، فیفا ایرینا اور ای-سپورٹس کے اقدامات پر بھی بریفنگ دی گئی۔
