پاکستان نے نور خان ایئربیس پر ایرانی طیاروں کی موجودگی سے متعلق سی بی ایس نیوز کی رپورٹ کو گمراہ کن قرار دیتے ہوئے مسترد کر دیا ہے۔ایک بیان میں دفتر خارجہ کے ترجمان طاہر اندرابی نے کہا کہ ایسی قیاس آرائیوں کا مقصد علاقائی استحکام اور امن کے لیے جاری کوششوں کو نقصان پہنچانا ہے۔
ترجمان نے کہا کہ جنگ بندی اور اسلام آباد مذاکرات کے ابتدائی دور کے دوران، ایران اور امریکہ سے متعدد طیارے پاکستان پہنچے تاکہ مذاکراتی عمل سے منسلک سفارتی عملے، سکیورٹی ٹیموں اور انتظامی عملے کی نقل و حرکت میں آسانی ہو۔
دفتر خارجہ کے ترجمان نے کہا کہ کچھ ہوائی جہاز اور امدادی عملہ مذاکرات کے متوقع مزید دورکیلئے عارضی طور پر پاکستان میں موجود رہے۔
طاہر اندرابی نے کہا کہ اگرچہ باضابطہ مذاکرات ابھی تک دوبارہ شروع نہیں ہوئے تاہم اعلیٰ سطح کے سفارتی تبادلے جاری ہیں۔
ترجمان نے واضح کیا کہ اس وقت پاکستان میں موجود ایرانی طیارہ جنگ بندی کی مدت کے دوران آیا اور اس کا کسی بھی فوجی ہنگامی صورتحال یااحتیاطی تدابیر سے کوئی تعلق نہیں ہے۔
انہوں نے کہا کہ یہ دعوے قیاس آرائی پر مبنی ، گمراہ کن اور حقائق کے منافی ہیں۔
طاہر اندرابی نے کہا کہ پاکستان ان تمام مخلصانہ کوششوں کی حمایت کے لیے پرعزم ہے جن کا مقصد بات چیت کو فروغ دینا، تنائو کو کم کرنا اور علاقائی اور عالمی امن، استحکام اور سلامتی کو آگے بڑھانا ہے۔
