وزیراعظم کا قانون نافذ کرنے والے اداروں کی صلاحیت بڑھانے کا عزم

وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ عوام کے جان و مال کا تحفظ یقینی بنانے کیلئے قانون نافذ کرنے والے اداروں کی صلاحیت بڑھانے کیلئے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔

وہ آج اسلام آباد میں امن و امان کی صورتحال اور وزارتِ داخلہ کے امور پر ایک اہم اجلاس کی صدارت کر رہے تھے۔

وزیراعظم نے قانون نافذ کرنے والے اداروں میں بدعنوانی کے خاتمے کے لئے زیرو ٹالرنس پالیسی پر سختی سے عملدرآمد اور ایف آئی اے سمیت وزارتِ داخلہ کے ماتحت تمام اداروں میں بھرتیاں خالصتاً میرٹ کی بنیاد پر یقینی بنانے کی ہدایت کی ہے۔

انہوں نے کہا کہ جدید سکیورٹی چیلنجز سے نمٹنے کیلئے اہلکاروں کو جدید تربیت اور مہارتوں سے لیس کیا جائے۔

وزیراعظم شہباز شریف نے قانون نافذ کرنے والے اداروں کو بہترین آلات، جدید ٹیکنالوجی اور پیشہ ورانہ سازوسامان کی فراہمی یقینی بنانے کی بھی ہدایت کی ہے۔

اجلاس کے دوران بریفنگ میں بتایا گیا کہ رواں سال ستمبر میں اسلام آباد میں زیر تعمیر جیل فعال ہو جائے گی۔

وزیر داخلہ نے اجلاس کو ایف آئی اے ، اسلام آباد پولیس، NCCA، فیڈرل کانسٹیبلری ، سی ڈی اے اور وزارتِ داخلہ کے ماتحت دیگر اداروں کی کارکردگی اور مستقبل کے ترقیاتی منصوبوں پر بریفنگ دی۔

اجلاس میں نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ محمد اسحاق ڈار ، وفاقی وزرا محسن نقوی ، احسن اقبال ، محمد اورنگزیب ، وزیر مملکت طلال چوہدری اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے سربراہان نے شرکت کی ۔

Exit mobile version