وفاقی وزیر برائے سرمایہ کاری بورڈ قیصر احمد شیخ نے کہا ہے کہ پاکستان اور چین ایسے مضبوط اور آزمودہ دوست ہیں جن کے تعلقات وقت کے ساتھ مزید گہرے ہوئے ہیں اور ہر آزمائش میں قائم رہے ہیں۔
انہوں نے یہ بات پاکستان اور چین کے سفارتی تعلقات کے پچھتر سال مکمل ہونے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔
انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کی دوستی پہاڑوں سے زیادہ بلند، سمندروں سے زیادہ گہری اور شہد سے زیادہ میٹھی ہے، جو طویل عرصے سے جاری باہمی اعتماد اور تعاون کی علامت ہے۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ پاکستان چین کی جانب سے معاشی اور سماجی ترقی اور علاقائی روابط کے منصوبوں میں مسلسل تعاون کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے۔
انہوں نے چین پاکستان اقتصادی راہداری کی اہمیت پر بات کرتے ہوئے کہا کہ یہ منصوبہ پاکستان میں بنیادی ڈھانچے کی بہتری، سرمایہ کاری میں اضافے، توانائی کے شعبے میں استحکام اور صنعتی ترقی میں اہم کردار ادا کر رہا ہے۔
