معرکہ حق میں پوری قوم نے اپنی مسلح افواج کے شانہ بشانہ کردار ادا کیا،عطاء اللہ تارڑ

وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطا اللہ تارڑ نے کہا ہے کہ معرکہ حق میں پاکستان نے بیانیہ، سفارتی اور عسکری محاذ پر تاریخی کامیابی حاصل کی، جس میں پوری قوم نے اپنی مسلح افواج کے شانہ بشانہ کردار ادا کیا۔

پریس ایسوسی ایشن آف سپریم کورٹ کے زیر اہتمام معرکہ حق کی فتح کا ایک سال مکمل ہونے پر منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ قومی اتحاد اور اتفاق ہی کامیابی کی اصل بنیاد ہے۔

عطا اللہ تارڑ نے کہا کہ گزشتہ برس معرکہ حق کے دوران پاکستان نے واضح کیا تھا کہ اب دشمن کو موثرجواب دینے کا وقت ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاک فضائیہ اور ایئر ڈیفنس سسٹم نے اپنی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کا عالمی سطح پر لوہا منوایا۔

انہوں نے کہا کہ دشمن کو چند گھنٹوں میں موثر جواب دیا گیا جس کے بعد وہ پیچھے ہٹنے پر مجبور ہوا۔ ان کے مطابق پاکستان نے ہمیشہ امن کو ترجیح دی ہے تاہم جارحیت کی صورت میں بھرپور جواب دیا جاتا ہے۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ اس کامیابی میں میڈیا، نوجوانوں اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد نے بھی اہم کردار ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ افواج پاکستان کی قیادت اور پیشہ ورانہ حکمت عملی قابل تحسین ہے۔

تقریب کے اختتام پر کیک بھی کاٹا گیا۔

Exit mobile version