سینیٹ میں متفقہ قرارداد منظور، افواجِ پاکستان کی قربانیوں کو خراجِ تحسین

سینیٹ نے آج (جمعرات) متفقہ طور پر ایک قرارداد منظور کی جس میں ملک کی خودمختاری، سلامتی اور قومی وقار کے تحفظ کے لیے افواجِ پاکستان، سیکیورٹی اداروں اور پوری قوم کو ان کی بے مثال قربانیوں، جرات اور عزم پر خراج تحسین پیش کیا گیا۔

یہ قرارداد وزیر پارلیمانی امور ڈاکٹر طارق فضل چوہدری نے معرکہ حق کا ایک سال مکمل ہونے کے حوالے سے پیش کی۔

قرارداد میں کہا گیا کہ "آپریشن بنیانِ مرصوص” اور معرکہ حق دشمن کے مذموم عزائم کو ناکام بنانے میں افواج پاکستان کی پیشہ وارانہ مہارت، تزویراتی ذہانت اور غیر متزلزل عزم کی عکاسی کرتے ہیں۔

قرارداد میں کہا گیا کہ پاکستان کے منہ توڑ جواب نے بھارت کے آپریشن سندور کو موثر طریقے سے ناکام بنایا اور یہ واضح پیغام دیا کہ پاکستان اپنی خود مختاری، سلامتی اور قومی مفادات کا دفاع کرنے کی مکمل صلاحیت رکھتا ہے۔

ایوان نے قومی یکجہتی کو فروغ دینے اور بین الاقوامی سطح پر پاکستان کے موقف کو مؤثر انداز میں پیش کرنے پر صدر اور وزیراعظم پاکستان کی دانشمندانہ قیادت کو سراہا۔

قرارداد میں فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کو ان کی دور اندیش قیادت، عسکری حکمت عملی اور ملکی دفاع کے لیے شاندار خدمات پر خراجِ تحسین پیش کیا گیا۔

سینیٹ نے وطن عزیز کے دفاع میں جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے مسلح افواج کے تمام شہدا اور غازیوں کو بھی خراج تحسین پیش کیا۔

Exit mobile version