وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ معرکہ حق پاکستان کی فیصلہ کن عسکری برتری اور فولادی قومی اتحاد کا ناقابل تردید ثبوت ہے۔انہوں نے کہا کہ معرکہ حق کی عظیم کامیابی نے بھارت کو پاکستان کی دفاعی صلاحیت اور قومی یکجہتی کا واضح اور دوٹوک پیغام دیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ صرف ایک یادگار واقعہ نہیں بلکہ ایک ایسی لکیر ہے جو ہمیشہ کے لیے کھینچ دی گئی ہے۔
خواجہ آصف نے خبردار کیا کہ آئندہ کسی بھی مہم جوئی کا جواب پہلے سے کہیں زیادہ شدید اور فیصلہ کن ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی بری، بحری اور فضائی افواج کی جوابی صلاحیت دشمن کے تصور سے بھی زیادہ تیز اور مربوط ہے۔وزیر دفاع نے کہا کہ پوری قوم بنیان المرصوص کی طرح اپنی مسلح افواج کے ساتھ سیسہ پلائی ہوئی دیوار بن کر کھڑی ہے۔ انہوں نے پاکستانی نوجوانوں کے کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ ان کا شعور اور اعتماد ملک کی اصل طاقت ہے۔
دریں اثنا پاکستانی نوجوان قیادت نے اپنے تاثرات میں کہا کہ آپریشن بنیان المرصوص کے دوران اللہ کی مدد کو محسوس کیا گیا اور اس کامیابی نے قوم کا سر فخر سے بلند کیا۔
نوجوان قیادت کا کہنا تھا کہ معرکہ حق ایک ایسی داستان ہے جو آنے والی نسلوں کو سنائی جائے گی۔انہوں نے کہا کہ پاکستانی افواج نے دشمن کی جارحیت کا بھرپور جواب دیا جس کے نتیجے میں اسے پسپا ہونا پڑا۔انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ پاکستان کو نہ حقیقت میں اور نہ ہی کسی کے خوابوں میں شکست دی جا سکتی۔
