لیفٹیننٹ کرنل خالد حسین شہید کی نماز جنازہ ادا

لیفٹیننٹ کرنل خالد حسین شہید کی نماز جنازہ چکلالہ گیریژن راولپنڈی میں ادا کی گئی۔دلیر سپوت نے گزشتہ روز بلوچستان میں بھارتی سرپرستی میں دہشتگردوں کے خلاف انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کے دوران اپنے دستے کی قیادت کرتے ہوئے زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے جامِ شہادت نوش کیا تھا۔

نماز جنازہ میں وزیراعظم محمد شہباز شریف، فیلڈ مارشل سید عاصم منیر، وفاقی وزرا، اعلیٰ سول و عسکری حکام، عزیز و اقارب اور شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔وزیراعظم نے مادر وطن کے دفاع کیلئے خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے لیفٹیننٹ کرنل خالد حسین کی بہادری، لگن اور ثابت قدمی کو سراہا۔

انہوں نے اس بات کا اعادہ کیا کہ پاکستان کی مسلح افواج مکمل قومی حمایت کے ساتھ دہشت گردی اور اس کے سہولت کاروں کے خاتمے کے لیے پرعزم ہیں۔انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ خالد حسین جیسے شہدا کی قربانیاں قومی عزم کو مضبوط کرتی ہیں اور امن، استحکام اور خودمختاری کے لیے پاکستان کے عزم کو اجاگر کرتی ہیں۔

شہید کو پورے فوجی اعزاز کے ساتھ آبائی گاؤں میں سپرد خاک کیا جائے گا۔پاکستان کی مسلح افواج اور عوام دونوں نے ان کے خاندان سے تعزیت کا اظہار کیا اور ان کی قربانی کو خراج عقیدت پیش کیا۔

Exit mobile version