سری نگر(ITeA) کل جماعتی حریت کانفرنس کے سینئر رہنما پیر عبدالصمد انقلابی نے کہا ہے کہ اب وقت آگیا ہے کہ عالمی برادری اپنی بے حسی کی پالیسی کو ترک کرے اور تنازعہ کشمیر کو حل کرانے کے لیے اپنا انتہائی ضروری کردار ادا کرے جو خطے میں جاری خونریزی کی بنیادی وجہ ہے۔۔
کل جماعتی حریت کانفرنس کے سینئر رہنما پیر عبدالصمد انقلابی نے سرینگر سے اپنے بیان میں افسوس کا اظہار کیا کہ ایک طرف بھارتی حکومت نے اپنی فورسزکو بے گناہ کشمیریوں کو قتل کرنے کی کھلی چھوٹ دے رکھی ہے اور دوسری طرف وہ ان جائز سیاسی آوازوں کو خاموش کرانے کے لیے انسداد دہشت گردی کے قوانین کا استعمال کر رہی ہے جو کشمیر کے حوالے سے بھارت کی معاندانہ پالیسیوں پر تنقید کر رہے ہیں۔
حریت رہنما پیر عبدالصمد انقلابی نے کہا کہ عام شہریوں بالخصوص نوجوانوں کا منظم قتل جموں کشمیر میں آبادی کا تناسب تبدیل کرنے کی بھارتی حکومت کی گہری سازش کا حصہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارتی فوجی نام نہاد محاصرے اور تلاشی کی کارروائیوں کے دوران معصوم اور پڑھے لکھے نوجوانوں کو جان بوجھ کر نشانہ بناتے ہیں اور انہیں بے دردی سے شہید کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بھارتی فوجی نہ صرف بے گناہ لوگوں کو شہید کررہے ہیں بلکہ رہائشی مکانات اور عوامی املاک کو بھی تباہ کررہے ہیں۔
سینئر حریت رہنما پیر عبدالصمد انقلابی نے بے گناہ شہریوں کے خلاف طاقت کے وحشیانہ استعمال اور بھارتی فورسز کی طرف سے صحافیوں کو ہراساں کرنے کی مذمت کی۔ انہوں نے افسوس کا اظہارکیاکہ جموں کشمیر کے سیاسی حریت پسند رہنماؤں صحافیوں اورانسانی حقوق کے محافظوں کو کالے قوانین کے تحت گرفتارکیاگیا ہے اور جیلوں اور تفتیشی مراکز میں ان کے ساتھ بدترین سلوک کیا جارہا ہے۔ انہوں نے اسے جنیوا کنونشن اور دیگر عالمی معاہدوں کی کھلی خلاف ورزی قرار دیا۔ انہوں نے کہاکہ انسانی حقوق کے کارکنوں کو ہمیشہ نشانہ بنایاجاتا رہا ہے اور وادی کے طول و عرض میں تعینات بھارتی فورسز کی طرف سے انہیں گرفتار کیا جا رہا ہے، تشدد کا نشانہ بنایا جا رہا ہے، ذلیل اور ہراساں کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ انسانی حقوق کے کارکنوں کو جعلی مقابلوں میں قتل کرنے کی بھارتی فوج کی ایک طویل تاریخ ہے۔
حریت رہنما پیر عبدالصمد انقلابی نے جموں کشمیرمیں آزادی صحافت اور اظہار رائے پر پابندیوں کی بھی مذمت کی۔ انہوں نے کہا کہ سیاسی رہنمائوں، صحافیوں،انسانی حقوق کی تنظیموں کے کارکنوں کو ڈرانا اور دھمکانابی جے پی حکومت کی کشمیر پالیسی کا خاصہ رہا ہے۔
سینئر حریت رہنما پیر عبدالصمد انقلابی نے عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ جموں کشمیرمیں انسانی حقوق کی بڑھتی ہوئی خلاف ورزیوں کا نوٹس لے۔

