آرمی راکٹ فورس کمانڈ کی جانب سے فتح II میزائل سسٹم کا کامیاب تجربہ

آرمی راکٹ فورس کمانڈ (ARFC) نے آج مقامی طور پر تیار کردہ فتح II میزائل سسٹم کا کامیاب تربیتی تجربہ کیا۔ یہ میزائل جدید ایویانکس اور جدید ترین نیویگیشن سسٹمز سے لیس ہے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (ISPR) کے مطابق اس لانچ کا مقصد فوجی دستوں کی تربیت، مختلف تکنیکی پہلوؤں کی جانچ اور بہتر درستگی و مؤثریت کے لیے شامل مختلف ذیلی نظاموں کی کارکردگی کا جائزہ لینا تھا۔

اس موقع پر اسٹریٹجک پلانز ڈویژن، آرمی راکٹ فورس کمانڈ اور پاک فوج کے سینئر افسران کے علاوہ اسٹریٹجک اداروں کے سائنسدانوں اور انجینئرز نے بھی شرکت کی۔ شرکاء نے فتح سیریز کے اس مقامی میزائل کے کامیاب تجربے کو سراہا۔

صدر آصف علی زرداری، وزیر اعظم شہباز شریف، چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر اور مسلح افواج کے سربراہان نے میزائل کے کامیاب تجربے میں شامل تمام افراد کی فنی مہارت، لگن اور پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو خراج تحسین پیش کیا۔

Exit mobile version