پاکستان سمیت آٹھ اسلامی ممالک کی جانب سے بیت المقدس کے مقدس مقامات پر اسرائیلی خلاف ورزیوں کی مذمت

پاکستان سمیت آٹھ اسلامی ممالک نے بیت المقدس کے تاریخی، اسلامی اور مسیحی مقدس مقامات پر اسرائیلی حکام کی جانب سے بار بار ہونے والی خلاف ورزیوں کی شدید مذمت کی ہے۔مشترکہ اعلامیے میں پاکستان، مصر، ترکیہ، انڈونیشیا، اردن، قطر، سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات کے وزرائے خارجہ نے اسرائیلی حکام کے اقدامات کو قابلِ مذمت قرار دیا۔ اعلامیے میں خاص طور پر مسجدِ اقصیٰ اور الحرم الشریف میں اسرائیلی آبادکاروں اور انتہاپسند وزراء کی مسلسل دراندازی اور وہاں اسرائیلی پرچم لہرانے کے عمل پر تشویش کا اظہار کیا گیا۔

وزرائے خارجہ نے اس بات پر زور دیا کہ مسجدِ اقصیٰ اور الحرم الشریف میں اس نوعیت کی اشتعال انگیز کارروائیاں بین الاقوامی قانون اور بین الاقوامی انسانی قوانین کی صریح خلاف ورزی ہیں، اور دنیا بھر کے مسلمانوں کے جذبات کو مجروح کرنے کے مترادف ہیں۔

اعلامیے میں مقبوضہ مغربی کنارے میں فلسطینیوں کے خلاف بڑھتے ہوئے آبادکاروں کے تشدد کی بھی مذمت کی گئی، جس میں حالیہ دنوں میں فلسطینی اسکولوں اور بچوں پر حملے شامل ہیں۔ وزرائے خارجہ نے مطالبہ کیا کہ ان واقعات میں ملوث افراد کو قانون کے کٹہرے میں لایا جائے۔

Exit mobile version