پاکستان کرکٹ بورڈ نے بنگلہ دیش کے خلاف دو ٹیسٹ میچوں کی سیریز کے لیے 16 رکنی قومی ٹیسٹ سکواڈ کا اعلان کر دیا ہے۔ کپتان شان مسعود ہی ٹیم کی قیادت جاری رکھیں گے جبکہ سکواڈ میں چار نئے کھلاڑیوں کو بھی شامل کیا گیا ہے۔
اعلان کے مطابق پانچ کھلاڑی اس وقت لاہور میں جاری نیشنل کرکٹ اکیڈمی (این سی اے) کے ریڈ بال کیمپ کا حصہ ہیں۔ قومی ٹیسٹ سکواڈ 27 اپریل کو کراچی میں کیمپ جوائن کرے گا جو یکم مئی تک جاری رہے گا، جبکہ ٹیم 2 مئی کو بنگلہ دیش روانہ ہوگی۔
ایچ بی ایل پی ایس ایل 11 میں شریک کھلاڑی اپنی اپنی ٹیموں کے میچز مکمل ہونے کے بعد قومی کیمپ میں رپورٹ کریں گے۔
سابق ٹیسٹ کپتان سرفراز احمد کو بنگلہ دیش ٹور کے لیے ہیڈ کوچ مقرر کیا گیا ہے۔ سابق ٹیسٹ کرکٹرز اسد شفیق اور عمر گل بالترتیب بیٹنگ اور بولنگ کوچز کی ذمہ داریاں انجام دیں گے۔
سکواڈ میں شامل نمایاں کھلاڑیوں میں بابر اعظم محمد رضوان ،شاہین شاہ آفریدی، امام الحق، حسن علی، محمد عباس، نعمان علی، ساجد خان، سلمان علی آغا، سعود شکیل اور دیگر کھلاڑی شامل ہیں۔
ذرائع کے مطابق سکواڈ میں شامل دیگر کھلاڑیوں میں محمد غازی غوری، خرم شہزاد اور عماد بٹ بھی شامل ہیں۔
قومی ٹیم انتظامیہ کے مطابق یہ اسکواڈ تجربہ اور نوجوان ٹیلنٹ کا امتزاج ہے، جس کا مقصد بنگلہ دیش میں ہونے والی ٹیسٹ سیریز میں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنا ہے۔
