سبسڈی صرف رجسٹرڈ موٹرسائیکلوں اور گاڑیوں کو ہی ملے گی، وفاقی وزراء

وفاقی وزراء نے اعلان کیا ہے کہ ملک بھر میں ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن ڈیپارٹمنٹس اور دیگر متعلقہ اداروں کے ساتھ رجسٹرڈ موٹر سائیکلیں، پبلک سروس بسیں اور وینز، نیز مال بردار گاڑیاں جیسے ٹرک اور لانگ وہیکلز سبسڈی کے لیے اہل ہوں گے۔

یہ بات وفاقی وزیر برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی و ٹیلی کمیونیکیشن شزا فاطمہ خواجہ اور وزیر مملکت برائے خزانہ بلال اظہر کیانی نے اسلام آباد میں ایک پریس کانفرنس کے دوران کہی۔

وفاقی وزیر نے بتایا کہ حکومتِ پاکستان نے صوبائی حکومتوں کے تعاون سے سبسڈی کی فراہمی کا ایک جامع طریقہ کار تیار کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ صوبوں نے اپنے اپنے ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن ڈیپارٹمنٹس میں رجسٹرڈ گاڑیوں کا ڈیٹا فراہم کر دیا ہے، جس کی بنیاد پر گاڑیوں کے مالکان کو ان کے کمپیوٹرائزڈ قومی شناختی کارڈز کے ذریعے سبسڈی منتقل کی جا رہی ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ وزیر اعظم شہباز شریف کی ہدایت پر پبلک سروس بسوں اور مال بردار ٹرانسپورٹ کے آپریٹرز کو سبسڈی کی ادائیگی کا عمل گزشتہ رات سے شروع کر دیا گیا ہے۔

اس موقع پر بلال اظہر کیانی نے کہا کہ حکومت وزیر اعظم شہباز شریف کی قیادت میں عوام کو ریلیف فراہم کرنے اور عالمی سطح پر پیٹرولیم مصنوعات کی بڑھتی ہوئی قیمتوں کے منفی اثرات سے بچانے کے لیے ہر ممکن اقدامات کر رہی ہے۔

Exit mobile version