پاکستان نے مشرقِ وسطیٰ اور شمالی افریقہ میں بڑھتے ہوئے بحرانوں سے نمٹنے کے لیے اقوامِ متحدہ اور عرب لیگ کے درمیان زیادہ مضبوط اور باہمی تعاون پر زور دیا ہے۔
یہ مطالبہ اقوامِ متحدہ میں پاکستان کے مستقل مندوب عاصم افتخار احمد نے سلامتی کونسل کے اعلیٰ سطحی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا، جس کا موضوع “اقوامِ متحدہ اور علاقائی و ذیلی علاقائی تنظیموں کے درمیان تعاون: عرب لیگ” تھا۔
عاصم افتخار احمد نے کہا کہ پائیدار امن کے قیام کے لیے مربوط، جامع اور علاقائی بنیادوں پر مبنی حکمتِ عملی ناگزیر ہے، جو اقوامِ متحدہ کے چارٹر اور بین الاقوامی قانون کے مطابق ہو۔
علاقائی سیکیورٹی کی صورتحال پر بات کرتے ہوئے انہوں نے خبردار کیا کہ ایران پر حملوں کے بعد خطہ ایک نازک موڑ پر کھڑا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ خلیجی ممالک کو اپنی سرزمین پر براہِ راست حملوں کا سامنا ہے جبکہ آبنائے ہرمز میں جہازرانی کی محدودیت جیسے چیلنجز بھی درپیش ہیں۔
انہوں نے زور دیا کہ فوری ترجیح جنگ بندی اور کشیدگی کے خاتمے کے ساتھ ساتھ مذاکرات کی بحالی ہونی چاہیے۔
