وفاقی وزیر برائے مذہبی امور و بین المذاہب ہم آہنگی سردار محمد یوسف نے کہا ہے کہ حج اور عمرہ کے انتظامات میں بہتری لانا حکومت کی اولین ترجیح ہے۔
انہوں نے یہ بات بنگلہ دیش کے پاکستان میں ہائی کمشنر اقبال حسین خان سے ملاقات کے دوران کہی، جنہوں نے آج اسلام آباد میں ان سے ملاقات کی۔
وزیر مذہبی امور نے کہا کہ حجاج کرام کی تعداد کے لحاظ سے پاکستان دنیا میں دوسرے نمبر پر ہے اور پاکستان حج انتظامات کے حوالے سے اپنا تجربہ بنگلہ دیش کے ساتھ شیئر کرنے کے لیے تیار ہے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ دونوں ممالک کے درمیان باہمی تعاون سے زائرین کو مزید سہولیات فراہم کی جا سکتی ہیں۔
ملاقات کے دوران حج انتظامات اور باہمی دلچسپی کے امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ دونوں فریقین نے دوطرفہ تعلقات کو فروغ دینے اور مذہبی تعاون کے مواقع تلاش کرنے پر بھی گفتگو کی۔
اس موقع پر سیکرٹری مذہبی امور ڈاکٹر ساجد محمود چوہان اور جوائنٹ سیکرٹری احمد ندیم خان بھی موجود تھے۔
