پوری دنیا خطے میں جاری کشیدگی کم کرنے کے لیے پاکستان کی سفارتی کوششوں کو تسلیم کر رہی ہے، وزیر اطلاعات

وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطااللہ تارڑ نے کہا ہے کہ پوری دنیا خطے میں جاری کشیدگی کم کرنے کے لیے پاکستان کی سفارتی کوششوں کو تسلیم کر رہی ہے۔

اسلام آباد میں آج نیوز کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ عالمی سطح پر پاکستان کے مؤثر کردار اور بڑھتی اہمیت کے باعث بھارت میں شدید بے چینی پائی جا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ دوسری جانب بھارتی میڈیا بھی مودی حکومت کو تنقید کا نشانہ بنا رہا ہے کیونکہ نئی دہلی عالمی معاملات میں بتدریج غیر مؤثر ہوتا جا رہا ہے۔

عطااللہ تارڑ نے کہا کہ یہ افسوسناک امر ہے کہ ایک سیاسی جماعت کے بعض رہنما ایسے وقت میں ملک کے خلاف سازشوں میں مصروف ہیں جب پاکستان سفارتی محاذ پر اہم کامیابیاں حاصل کر رہا ہے۔ انہوں نے زور دیا کہ کوئی بھی سیاسی جماعت یا رہنما ریاست سے بالاتر نہیں اور قومی مفادات کو ہر حال میں ترجیح دی جانی چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ سیاسی مخالفت کی آڑ میں ملک کی توہین کسی صورت برداشت نہیں کی جا سکتی۔

وفاقی وزیر نے مزید کہا کہ بانی پی ٹی آئی کے بچوں کو اوورسیز پاکستانیوں کے قومی شناختی کارڈ کے ذریعے پاکستان آنے کی اجازت دی گئی، تاہم اس کے باوجود وہ دیگر ذرائع تلاش کرتے رہے۔

Exit mobile version