لکی مروت میں سکیورٹی فورسز کا آپریشن، پانچ خوارج ہلاک

 سکیورٹی فورسز نے خفیہ اطلاع پر کارروائی کرتے ہوئے ضلع لکی مروت میں آپریشن کے دوران بھارتی سرپرستی میں کام کرنے والے فتنہ الخوارج سے تعلق رکھنے والے پانچ خوارج کو ہلاک کر دیا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق سکیورٹی فورسز نے انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کے دوران خوارج کے ٹھکانے کو مؤثر انداز میں نشانہ بنایا۔ کارروائی کے دوران ہلاک ہونے والے خوارج سے اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد کیا گیا، جو علاقے میں متعدد دہشت گرد کارروائیوں میں ملوث رہے تھے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق علاقے میں مزید خوارج کی موجودگی کے خدشے کے پیش نظر سرچ اور سینیٹائزیشن آپریشن جاری ہے تاکہ کسی بھی باقی ماندہ دہشت گرد کو ختم کیا جا سکے۔

بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ وفاقی ایپکس کمیٹی برائے نیشنل ایکشن پلان کی منظوری سے شروع کیے گئے وژن "عزمِ استحکام” کے تحت سکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی جانب سے جاری انسداد دہشت گردی مہم پوری رفتار سے جاری رہے گی اور ملک سے بیرونی سرپرستی میں ہونے والی دہشت گردی کے خاتمے تک کارروائیاں جاری رکھی جائیں گی۔

Exit mobile version