پٹرولیم کی قیمتوں پر نظر رکھنے والی کمیٹی نے کہا ہے کہ پٹرولیم مصنوعات کا مناسب ذخیرہ موجود ہے اور سپلائی چین خوش اسلوبی سے کام کر رہے ہیں اور آئندہ ہفتوں میں رسد کا تسلسل یقینی بنانے کیلئے مناسب انتظامات کیے گئے ہیں۔
کمیٹی کا اجلاس آج (ہفتہ) وزیر خزانہ محمد اورنگزیب کی صدارت میں ہوا جس میں ملک بھر میں پٹرولیم مصنوعات کے ذخائرکی صورتحال تفصیلی جائزہ لیا۔
انہیں خام تیل اور صاف شدہ پٹرولیم مصنوعات کے موجودہ قومی ذخائر، جاری درآمدی انتظامات اور سپلائی چین لاجسٹکس کے بارے میں بتایا گیا۔
اس موقع پراظہارخیال کرتے ہوئے وزیر خزانہ نے منڈی کا استحکام برقرار رکھنے، قومی سطح پر توانائی کے تحفظ اور بدلتی ہوئی عالمی صورتحال کے دوران سپلائی چین کو بلا تعطل جاری رکھنے کے حکومتی عزم کا اظہار کیا۔
انہوں نے کہا کہ توانائی کی عالمی منڈیوں کواس وقت اتار چڑھاو کا سامنا ہے تاہم فعال منصوبہ بندی اور متعلقہ شراکت داروں کے درمیان قریبی ہم آہنگی کی وجہ سے پاکستان میں رسد کی صورتحال مستحکم ہے۔
