اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل مندوب عاصم افتخار احمد نے کہا ہے کہ افغانستان اندرونی و بیرونی حمایت یافتہ دہشت گرد گروہوں کی پناہ گاہ ہے۔انہوں نے یہ بات افغانستان کی صورتحال پر اقوامِ متحدہ کی سلامتی کونسل کے اجلاس سے خطاب کر تے ہوئے کہی۔پاکستانی مندوب نے کہا کہ افغانستان سے ہونیوالی دہشت گردی اس کے قریبی پڑوسیوں کے ساتھ ساتھ خطے اور بین الاقوامی امن و سلامتی کیلئے بھی سنگین خطرہ ہے۔
مندوب نے خبردار کیا کہ افغانستان میں فروغ پانیوالی دہشت گردی کے اثرات صرف پاکستان تک محدود نہیں رہیں گے۔عاصم افتخار احمد نے کہا پاکستان اپنے شہریوں اور اپنی خود مختاری کے تحفظ کیلئے تمام ضروری دفاعی اقدامات کرے گا۔
عاصم افتخار احمد نے افغانستان اور بھارت کے نمائندوں کے ریمارکس پر تبصرہ کرتے ہوئے کہاکہ پاکستان کے انسداد دہشت گردی کے منصفانہ اقدامات برادر افغان عوام کے خلاف نہیں ہیں، بلکہ یہ صرف افغان سرزمین سے اُبھرتے ہوئے دہشت گردی کے مسلسل خطرے کو ختم کرنے کیلئے ہیں۔اُنہوں نے کہا کہ بھارت ہمیشہ افغانستان میں تخریب کاری کا کردار ادا کرتا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارت افغانستان کی سرزمین سے پاکستان میں دہشت گردی بھڑکانے کی اپنی پالیسی ترک کرے۔
