وزیرِاعظم محمد شہباز شریف نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی ہے کہ موٹرویز کی مرمت کے دوران اعلیٰ ترین معیار کو یقینی بنایا جائے۔
وہ آج اسلام آباد میں قومی شاہراہ اتھارٹی کی کارکردگی کے جائزہ اجلاس کی صدارت کر رہے تھے۔ اس موقع پر وزیرِاعظم نے ٹول پلازوں کی کھلی اور شفاف نیلامی کو سراہا۔
وزیرِاعظم نے ہدایت کی کہ تمام جاری منصوبوں کو مقررہ مدت کے اندر مکمل کیا جائے۔
اجلاس کو بتایا گیا کہ قومی شاہراہ اتھارٹی کی آمدن میں نمایاں اضافہ ہوا ہے اور یہ دو ہزار چوبیس میں چھاسٹھ اعشاریہ آٹھ ارب روپے سے بڑھ کر مالی سال دو ہزار پچیس میں ایک سو نو ارب روپے تک پہنچ گئی ہے، جو تریسٹھ فیصد اضافہ ہے۔ یہ اضافہ ٹول کی وصولی میں بہتری اور وزیرِاعظم کی ہدایات پر کیے گئے دیگر اقدامات کے باعث ممکن ہوا۔
اجلاس کو مزید بتایا گیا کہ موٹرویز پر ایم ٹیگ کے استعمال میں نمایاں اضافہ ہوا ہے جو دو ہزار چوبیس میں بیس فیصد سے بڑھ کر دو ہزار پچیس میں اکیاسی فیصد تک پہنچ گیا ہے۔
بریفنگ میں بتایا گیا کہ شاہراہوں پر وزن کی حد کی پابندی نوے فیصد جبکہ موٹرویز پر پچانوے فیصد تک پہنچ گئی ہے، جس سے حادثات میں کمی اور سڑکوں کی عمر میں اضافہ ہوا ہے۔
عوامی سہولیات کے حوالے سے بتایا گیا کہ موٹرویز پر قائم سروس ایریاز کو جدید بنایا جا رہا ہے جبکہ قومی شاہراہوں پر نئے سروس ایریاز بھی قائم کیے جا رہے ہیں۔
اجلاس کو آگاہ کیا گیا کہ رواں سال موٹرویز پر فضائی ایمبولینس سروس متعارف کرائی جائے گی جبکہ ریسکیو ایک ہزار ایک سو بائیس کی ہنگامی خدمات تمام انٹرچینجز پر پہلے سے موجود ہیں۔
بریفنگ میں مزید بتایا گیا کہ قومی شاہراہ اتھارٹی نے اپنے بجٹ سے لیاری ایکسپریس وے، ٹھوکر نیاز بیگ قومی شاہراہ اور اسلام آباد مری ایکسپریس وے کی اپ گریڈیشن مکمل کر لی ہے۔
