وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کی ہدایت پر صوبے کے 15 اضلاع میں جدید سہولیات سے آراستہ موبائل لیبارٹریز قائم کی جائیں گی۔ اس اقدام کا مقصد کسانوں کو ان کی دہلیز پر سائنسی اور مستند زرعی سہولیات فراہم کرنا ہے تاکہ فصلوں کی پیداوار میں اضافہ ممکن بنایا جا سکے۔
محکمہ زراعت کے مطابق ان موبائل لیبارٹریز کے ذریعے کسان پانی اور مٹی کے فوری اور درست تجزیاتی رپورٹس حاصل کر سکیں گے، جس سے انہیں کھادوں کے درست استعمال، زمین کی زرخیزی بہتر بنانے اور پانی کے معیار کو جانچنے میں مدد ملے گی۔ بروقت اور مستند تجزیے کی بدولت کسان فصلوں کو درپیش مسائل کا سائنسی بنیادوں پر حل کر سکیں گے۔
حکام کا کہنا ہے کہ اس منصوبے سے نہ صرف کسانوں کے اخراجات میں کمی آئے گی بلکہ زرعی پیداوار کے معیار اور مقدار میں بھی نمایاں بہتری متوقع ہے۔ وزیر اعلیٰ مریم نواز نے اس موقع پر اس عزم کا اظہار کیا کہ حکومت کسان دوست پالیسیوں کے ذریعے زرعی شعبے کو جدید خطوط پر استوار کرنے کے لیے تمام ممکنہ وسائل بروئے کار لائے گی۔
