پی ٹی آئی کو ریاستی اداروں کے خلاف منفی رویہ ترک کرنا ہوگا: عطااللہ تارڑ

وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطااللہ تارڑ نے کہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف، جو مختلف دھڑوں میں تقسیم ہے، حکومت کے ساتھ مذاکرات میں سنجیدہ نہیں۔آج اسلام آباد میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ مذاکرات ہونے چاہئیں، مگر اس کے لیے پی ٹی آئی کو سب سے پہلے ریاستی اداروں کے خلاف اپنا منفی رویہ ترک کرنا ہوگا۔انہوں نے افسوس کا اظہار کیا کہ پی ٹی آئی نہ عوامی فلاح میں دلچسپی رکھتی ہے اور نہ ہی سیاسی درجہ حرارت کم کرنا چاہتی ہے۔عطااللہ تارڑ نے کہا کہ خیبرپختونخوا میں پی ٹی آئی کی حکومت کے پاس تعلیم یا صحت سمیت کسی بھی شعبے میں اصلاحات کا کوئی روڈ میپ موجود نہیں اور وہاں گورننس مکمل طور پر ناکام ہو چکی ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان دہشت گردی کے خلاف جنگ ضرور جیتے گا اور دہشت گردوں میں سخت اہداف کو نشانہ بنانے کی کوئی صلاحیت نہیں۔وزیر اطلاعات نے کہا کہ 2025 ہر لحاظ سے پاکستان کے لیے کامیابیوں کا سال تھا، جو عسکری طاقت اور معاشی بحالی کا سال ثابت ہوا۔معرکۂ حق میں پاکستان کی فیصلہ کن فتح کا حوالہ دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اس بات کی بین الاقوامی سطح پر تصدیق موجود ہے کہ پاک فضائیہ نے بھارت کے سات جنگی طیارے مار گرائے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان اسٹاک مارکیٹ نئے ریکارڈ قائم کر رہی ہے جو سرمایہ کاروں اور کاروباری طبقے کے اعتماد کا مظہر ہے۔انہوں نے بتایا کہ گزشتہ ماہ ترسیلاتِ زر کی مد میں 3.6 ارب ڈالر موصول ہوئے اور اوورسیز پاکستانیوں کو ریکارڈ ترسیلاتِ زر بھیجنے پر خراجِ تحسین پیش کیا۔وزیر اطلاعات نے کہا کہ زرمبادلہ کے ذخائر میں بھی اضافہ ہو رہا ہے اور ملک میں غیر ملکی سرمایہ کاری لانے کے لیے بھرپور کوششیں جاری ہیں۔انہوں نے کہا کہ سنجیدہ سیاسی اور عسکری قیادت کی بدولت دنیا اب پاکستان کو عزت اور احترام کی نگاہ سے دیکھتی ہے۔

Exit mobile version