اورنگزیب کی ویزا سی ای ایم ای اے کی پاکستان کے مالیاتی شعبے سے وابستگی کی تحسین

وفاقی وزیر خزانہ سینیٹر محمد اورنگزیب نے ویزا سی ای ایم ای اے کے وفد کا خیرمقدم کرتے ہوئے پاکستان کے مالیاتی شعبے کے ساتھ اس کی مسلسل وابستگی کو سراہا۔

وہ آج اسلام آباد میں ویزا کے علاقائی صدر (وسطی یورپ، مشرق وسطیٰ اور افریقہ) طارق محمود کی قیادت میں آنے والے وفد سے گفتگو کر رہے تھے۔

وزیر خزانہ اور ویزا کے وفد نے پاکستان کے ڈیجیٹل ادائیگی کے نظام اور وسیع تر معاشی اصلاحات اور ترقی کے ایجنڈے کی حمایت کے لیے ویزا، وزارت خزانہ اور متعلقہ ریگولیٹرز کے درمیان قریبی روابط برقرار رکھنے کی اہمیت پر زور دیا۔

گفتگو میں پاکستان کے بہتر ہوتے معاشی اشاریوں، جاری استحکامی اقدامات اور پائیدار اور جامع معاشی ترقی کے حصول کے لیے حکومتی ترجیحات پر توجہ دی گئی۔

اس موقع پر سینیٹر محمد اورنگزیب نے وفد کو آئی ایم ایف کے تعاون سے جاری پروگرام میں پیش رفت، بین الاقوامی کریڈٹ ریٹنگ ایجنسیوں کی جانب سے بیرونی توثیق، اور حکومت کے اصلاحاتی ایجنڈے سے آگاہ کیا، جس میں ٹیکس اصلاحات، توانائی، سرکاری ادارے، عوامی قرضوں کا انتظام اور نجکاری شامل ہیں، نیز نجکاری کے عمل کو تیز کرنے کے لیے حالیہ اقدامات بھی شامل ہیں۔

دونوں فریقین نے پاکستان کی ڈیجیٹل تبدیلی میں تیزی پر تبادلہ خیال کیا، خاص طور پر ڈیجیٹل انفراسٹرکچر، ادائیگی کے نظام اور سرکاری ادائیگیوں کی ڈیجیٹلائزیشن پر زور دیا گیا۔

ویزا کے وفد نے پاکستان میں بینکوں، فن ٹیک اداروں اور دیگر شراکت داروں کے ساتھ روابط سے حاصل شدہ مشاہدات سے آگاہ کیا اور کہا کہ معاشی استحکام کے باعث اعتماد میں اضافہ ہو رہا ہے اور ڈیجیٹل ادائیگیوں، مالی شمولیت اور جدت کے فروغ میں دلچسپی بڑھ رہی ہے۔

وفد نے ادائیگی کے مختلف ذرائع میں مسابقت اور اختیارات برقرار رکھنے کی اہمیت پر بھی زور دیا تاکہ جدت کو فروغ دیا جا سکے، خطرات کو منظم کیا جا سکے اور صارفین و تاجروں کے لیے بہتر نتائج فراہم کیے جا سکیں۔

دونوں جانب سے سرکاری ادائیگیوں کی ڈیجیٹلائزیشن اور مالی شمولیت کے منصوبوں میں تکنیکی تعاون اور علم کے تبادلے سمیت مسلسل اشتراک کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔

Exit mobile version