نائب وزیراعظم اور سعودی وزیرِ خارجہ کا علاقائی صورتحال پر تبادلۂ خیال

نائب وزیراعظم و وزیرِ خارجہ اسحاق ڈار نے سعودی عرب کے وزیرِ خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان سے ٹیلیفونک رابطہ کیا۔
دونوں رہنماؤں نے موجودہ علاقائی صورتحال اور حالیہ پیش رفت پر تبادلۂ خیال کیا۔ اسحاق ڈار نے سیزن کی مبارکباد اور نئے سال کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا، جس کا شہزادہ فیصل بن فرحان نے پرتپاک جواب دیا۔
اسحاق ڈار نے دوطرفہ تعلقات میں مثبت پیش رفت پر اطمینان کا اظہار کیا۔ سعودی وزیرِ خارجہ نے دوطرفہ تعلقات کو مزید مضبوط اور فروغ دینے کے عزم کا اعادہ کیا۔
ادھر نائب وزیراعظم اسحاق ڈار کو منگل کے روز ازبکستان کے وزیرِ خارجہ بختیار سعیدوف کا بھی ٹیلیفون موصول ہوا۔ ازبک وزیرِ خارجہ نے بھی سیزن کی مبارکباد اور نئے سال کی نیک خواہشات پیش کیں، جن کا نائب وزیراعظم نے گرمجوشی سے جواب دیا۔
بختیار سعیدوف نے فروری 2026 میں صدرِ ازبکستان کے دورۂ پاکستان کی بھی تصدیق کی۔ دونوں رہنماؤں نے علاقائی اور بین الاقوامی امور پر تبادلۂ خیال کیا اور باہمی دلچسپی کے شعبوں میں تعاون کو مزید فروغ دینے کے عزم کا اظہار کیا۔

Exit mobile version