نائب وزیراعظم کی زیر صدارت بریفنگ سیشن،  وزیرِاعظم کے سوئٹزرلینڈ کے دورے کی تیاریوں کا جائزہ

وزیرِاعظم کے آئندہ ماہ سوئٹزرلینڈ کے دورے جائینگے جہاں وہ ورلڈ اکنامک فورم کے 56ویں سالانہ اجلاس میں شرکت کریں گے، کے سلسلے میں تیاریوں کا جائزہ لینے کے لیے پیر کے روز اسلام آباد میں نائب وزیراعظم اسحاق ڈار کی صدارت میں ایک بریفنگ سیشن منعقد ہوا۔
خارجہ سیکریٹری اور جنیوا میں پاکستان کے مستقل نمائندے سمیت اعلیٰ حکام نے اسحاق ڈار کو ورلڈ اکنامک فورم کی تیاریوں، مجوزہ پروگرام اور ایجنڈے سے آگاہ کیا۔
دورے کے دوران دو طرفہ ملاقاتوں کے پہلو اور وسیع میڈیا مصروفیات پر بھی تفصیل سے تبادلۂ خیال کیا گیا۔
نائب وزیراعظم نے ہدایت کی کہ آنے والے سربراہانِ مملکت، سربراہانِ حکومت اور اقتصادی، کاروباری و مالیاتی اداروں کی اعلیٰ قیادت کے ساتھ روابط کو زیادہ سے زیادہ مؤثر بنایا جائے۔ انہوں نے اس بات پر بھی زور دیا کہ نجی شعبے کی کاروباری کمپنیوں کے ساتھ تعاون کے فروغ کے مواقع تلاش کیے جائیں۔
ورلڈ اکنامک فورم کا سالانہ اجلاس آئندہ ماہ 19 سے 23 تاریخ تک ڈاووس-کلوسترز میں ’’مکالمے کی روح‘‘ کے عنوان کے تحت منعقد ہوگا۔

Exit mobile version