محسن نقوی کی کیپیٹل اسمارٹ سٹی منصوبے پر کام تیز کرنے کی ہدایت

وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے متعلقہ حکام کو اسلام آباد میں کیپیٹل اسمارٹ سٹی منصوبے پر کام تیز کرنے کی ہدایت کی ہے۔

وہ آج وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چوہدری کے ہمراہ اسلام آباد میں سیف سٹی ہیڈکوارٹرز کے دورے کے موقع پر گفتگو کر رہے تھے۔

وفاقی وزیر داخلہ نے کہا کہ اسمارٹ سٹی منصوبے کے تحت ریسکیو 1122، ٹریفک اور سکیورٹی سمیت بنیادی شہری سہولیات کو ایک مرکزی نظام کے ساتھ مربوط کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ کیپیٹل اسمارٹ سٹی منصوبے کو اسلام آباد کو محفوظ ترین شہر بنانے کے لیے ایک ماڈل کے طور پر اپنایا جائے گا۔

محسن نقوی نے کہا کہ اسمارٹ سٹی منصوبے کا دائرہ کار مستقبل میں پورے ملک تک بڑھایا جائے گا۔ انہوں نے حکام سے مطالبہ کیا کہ اسلام آباد سیف سٹی کو کیپیٹل اسمارٹ سٹی میں تبدیل کرنے کے لیے ایک جامع منصوبہ پیش کیا جائے۔

اس موقع پر آئی جی اسلام آباد پولیس نے سیف سٹی سے کیپیٹل اسمارٹ سٹی میں منتقلی سے متعلق امور پر تفصیلی بریفنگ دی۔

وفاقی وزیر داخلہ نے اسلام آباد سیف سٹی کے مانیٹرنگ سسٹم کا جائزہ بھی لیا اور کنٹرول روم میں قائم خصوصی چینی ڈیسک پر سکیورٹی نگرانی کے انتظامات کا معائنہ کیا۔

انہوں نے اعلان کیا کہ آئندہ ماہ کی پہلی تاریخ سے بغیر ایم ٹیگ گاڑیوں کے اسلام آباد میں داخلے پر پابندی عائد کر دی جائے گی۔

Exit mobile version