امریکہ کے معروف جریدے دی کیرولائنا پولیٹیکل ریویو نے مؤثر سفارت کاری اور مضبوط دفاعی صلاحیت کے باعث پاکستان کی عالمی سطح پر اسٹریٹجک اہمیت کی بحالی کو نمایاں قرار دیا ہے۔
جریدے میں شائع ہونے والے ایک مضمون میں پاکستانی قیادت کی بصیرت کو سراہتے ہوئے کہا گیا ہے کہ پاکستان نے عالمی برادری میں دوبارہ مؤثر شناخت حاصل کی ہے۔
مضمون میں کہا گیا ہے کہ رواں سال مئی میں ہونے والی پاک-بھارت جنگ نے پاکستان کی دفاعی صلاحیت کو ثابت کیا اور اس کی بین الاقوامی پوزیشن کو مزید مستحکم کیا۔
جریدے کے مطابق اس جنگ نے پاک-امریکہ تعلقات کو بھی نئی سمت دی اور اسلام آباد کی مؤثر سفارت کاری کے باعث واشنگٹن کا پاکستان پر اعتماد بحال ہوا۔
مضمون میں اس امر کو بھی اجاگر کیا گیا ہے کہ امریکا نے پاکستان کی جغرافیائی اہمیت کو تسلیم کرتے ہوئے اسے جنوبی ایشیا، خلیج اور وسطی ایشیا کے درمیان ایک کلیدی پل قرار دیا ہے۔
جریدے نے گزشتہ ماہ جاری ہونے والی ٹرمپ انتظامیہ کی نیشنل سکیورٹی اسٹریٹجی کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا کہ اس میں پاکستان کو امریکا کا ایک اہم اتحادی قرار دیا گیا ہے۔
مزید کہا گیا ہے کہ پاکستان نے سی پیک کے ساتھ ساتھ کثیرالجہتی توازن کو برقرار رکھتے ہوئے قومی مفاد کی بنیاد پر نئے اقتصادی مواقع پیدا کیے ہیں، جو اس کی بڑھتی ہوئی اسٹریٹجک اور معاشی اہمیت کا ثبوت ہیں۔
