موسمیاتی تبدیلی اور ماحولیاتی رابطوںکے وزیر مصدق ملک نے موسمیاتی تبدیلی کے خطرات سے دوچار ممالک کو موسمیاتی اثرات سے نمٹنے کیلئے مالی تعاون کی زیادہ اور مساوی رسائی پر زور دیا ہے۔انہوں نے یہ بات نیروبی میں اقوام متحدہ کی ماحولیاتی اسمبلی کے موقع پر اعلی سطح کے لیڈر شپ ڈائیلاگ سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔
وفاقی وزیر نے فنڈز کی فراہمی کو ماحولیاتی اہداف سے ہم آہنگ کرنے کے لئے موسمیاتی مطابقت کی ترقی اور عالمی کوششوں کی حمایت کے لیے پاکستان کے عزم کا اعادہ کیا۔مصدق ملک نے کہا کہ عالمی سطح پر زہریلی گیسوں کے اخراج میں سب سے کم حصہ ڈالنے والے ممالک موسمیاتی تبدیلی کے شدید ترین اثرات کا سامنا کررہے ہیں۔
انہوں نے ایسے ممالک کو موسمیاتی موافقت پیدا کرنے اور ترقیاتی ثمرات کے تحفظ میں مدد کے لیے موسمیاتی تبدیلیوں سے پیدا ہونے والے مسائل کے حل کیلئے زیادہ فنڈز کی فراہمی کی ضرورت پر زور دیا۔وفاقی وزیر نے مالیاتی اور ماحولیاتی استحکام یقینی بنانے میں بین الاقوامی تعاون کی اہمیت پر زور دیا۔
