نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار 16ویں بنی یاس فورم میں شرکت کے لیے متحدہ عرب امارات پہنچ گئے

نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ محمد اسحاق ڈار 16ویں بنی یاس فورم میں شرکت کے لیے متحدہ عرب امارات پہنچ گئے ہیں، جو سر بنی یاس آئی لینڈ پر منعقد ہو رہا ہے۔

ابوظہبی ایئرپورٹ پر آمد کے موقع پر متحدہ عرب امارات کے رائل پروٹوکول کے نمائندے، پاکستان کے سفیر شفقت علی خان اور دیگر سینئر حکام نے نائب وزیراعظم کا استقبال کیا۔

محمد اسحاق ڈار متحدہ عرب امارات کے وزیر خارجہ شیخ عبداللہ بن زاید النہیان کی دعوت پر اس تین روزہ فورم میں شرکت کر رہے ہیں۔

بنی یاس فورم ایک اعلیٰ سطح کا سالانہ اجتماع ہے، جس میں سینئر عالمی رہنما، پالیسی ساز اور ماہرین شریک ہوتے ہیں۔ فورم میں خطے اور دنیا کو درپیش اہم امور، بالخصوص امن، سلامتی اور اقتصادی تعاون پر غور و خوض کیا جاتا ہے۔

فورم کے دوران نائب وزیراعظم اسحاق ڈار علاقائی استحکام، پائیدار ترقی اور اقتصادی شراکت داریوں کے فروغ سے متعلق امور پر عالمی رہنماؤں اور ماہرین سے تبادلۂ خیال کریں گے۔

Exit mobile version