پاکستان، مصر، انڈونیشیا، اردن، قطر، سعودی عرب، ترکیہ اور متحدہ عرب امارات کے وزرائے خارجہ نے فلسطینی مہاجرین کے لیے اقوامِ متحدہ کے ریلیف اینڈ ورکس ایجنسی (یو این آر ڈبلیو اے) کے کلیدی اور ناگزیر کردار کی مکمل حمایت کا اعادہ کیا ہے۔
آٹھوں وزرائے خارجہ کی جانب سے جاری مشترکہ بیان میں کہا گیا کہ یو این آر ڈبلیو اے اقوامِ متحدہ کی جنرل اسمبلی کی قرارداد 302 (1949) کے تحت تفویض کردہ اپنی منفرد ذمہ داریاں طویل عرصے سے احسن طریقے سے انجام دے رہا ہے، جس کے تحت لاکھوں فلسطینی مہاجرین کو تحفظ، تعلیم، صحت کی سہولیات، سماجی خدمات اور ہنگامی امداد فراہم کی جا رہی ہے۔
بیان میں اس امر کی نشاندہی کی گئی کہ اقوامِ متحدہ کی جنرل اسمبلی کی جانب سے یو این آر ڈبلیو اے کے مینڈیٹ میں مزید تین سال کی توسیع کا حالیہ فیصلہ ادارے کے اہم کردار پر عالمی برادری کے بھرپور اعتماد کا مظہر ہے۔
وزرائے خارجہ نے مشرقی یروشلم کے علاقے شیخ جراح میں یو این آر ڈبلیو اے کے ہیڈکوارٹرز پر اسرائیلی افواج کے دھاوے کی شدید مذمت کرتے ہوئے اسے بین الاقوامی قانون اور بین الاقوامی عدالتِ انصاف کی مشاورتی رائے کی صریح خلاف ورزی قرار دیا، جس کے تحت قابض طاقت پر یو این آر ڈبلیو اے کی سرگرمیوں میں سہولت فراہم کرنے اور رکاوٹ نہ ڈالنے کی ذمہ داری عائد ہوتی ہے۔
مشترکہ بیان میں عالمی برادری پر زور دیا گیا کہ وہ یو این آر ڈبلیو اے کے لیے پائیدار مالی وسائل کی فراہمی یقینی بنائے اور ادارے کو سیاسی و عملی سطح پر وہ گنجائش فراہم کرے جو اسے اپنی نہایت اہم انسانی خدمت جاری رکھنے کے لیے درکار ہے۔
-
بلوچستان میں سکیورٹی فورسز کی کارروائیاں، 21 دہشت گرد ہلاک -
ذمہ دار میڈیا پاکستان کا مثبت تشخص اجاگر کرنے میں اہم کردار ادا کرتا ہے: گیلانی -
لاہور میں کچرا پھینکنے کے خلاف ای چالان سسٹم کا آغاز -
پاکستان نے شنگھائی تعاون تنظیم کی آئندہ سال کی سربراہی سنبھال لی -
وزیراعظم شہباز شریف اور عالمی رہنماؤں کے درمیان علاقائی امور پر تبادلہ خیال -
اقوام متحدہ کے سربراہ کی علاقائی امن کے لیے پاکستان کے کردار کی تعریف
