وزیراعظم کی فیلڈ مارشل عاصم منیر کو پاکستان کا پہلا چیف آف ڈیفنس فورسز تعینات ہونے پر مبارکباد

وزیراعظم شہباز شریف نے فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کو پاکستان کے پہلے چیف آف ڈیفنس فورسز کی حیثیت سے تاریخی تقرری پر مبارکباد دی ہے۔انہوں نے اپنے ایکس ہینڈل پر ایک پوسٹ میں کہا کہ ہماری قوم کی سلامتی کے محافظ کے طورپر فیلڈ مارشل نے حق و باطل کی جنگ میں فیصلہ کن فتح کے لئے ملک کی بہادر مسلح افواج کی دانشمندانہ قیادت کی جوکلیدی اہمیت کی حامل ہے۔

وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان کے عوام جنگ کی صورتحال میں ان کی بہادر اور جرات مند قیادت کو ہمیشہ یاد رکھیں گے جس نے مسلح افواج کو متحد کیا، پوری قوم کے حوصلے بلند کیے اور وطن عزیزکے لئے تاریخی فتح حاصل کی۔شہبازشریف نے فضائیہ کے سربراہ ائیر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو کو بھی ان کی مدت ملازمت میں توسیع پر مبارکباد دی۔انہوں نے کہا کہ ان کی مثالی کمان میں پاک فضائیہ نے غیر معمولی پیشہ ورانہ مہارت کے ساتھ دشمن کے سات طیارے مار گرائے اور بھارت کا اہم میزائل دفاعی نظام تباہ کرکے پاکستان کی فضائی برتری کومزید مستحکم کیا۔انہوں نے کہا کہ تمام قومی ادارے پاکستان کے دفاع، ترقی اورخوشحالی کے لئے متحد ہیں۔

 

Exit mobile version