پاکستان نے ایک بار پھر اس مطالبے کو دہرایا ہے کہ فلسطینی عوام کو اپنے ناقابلِ تنسیخ حقِ خودارادیت استعمال کرنے اور اپنی آزاد و خودمختار ریاست قائم کرنے کی مکمل اجازت دی جائے۔
اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں مسئلۂ فلسطین پر ہونے والی بحث کے دوران اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل نمائندے اسیم افتخار احمد نے زور دیا کہ مقبوضہ فلسطینی علاقوں پر قبضے کا فوری خاتمہ ضروری ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان ہر اُس مخلص کوشش کی حمایت کرتا ہے جو خونریزی کے خاتمے، عام شہریوں کے تحفظ، جبری نقل مکانی کی روک تھام، غزہ کی بحالی اور بین الاقوامی قانون کی بنیاد پر جامع امن کے قیام میں مددگار ثابت ہو۔
پاکستانی مندوب نے اس بات پر زور دیا کہ فائربندی پر مکمل عمل درآمد ہونا چاہیے اور کسی بھی یکطرفہ اقدام یا فوجی کارروائی کی کوئی گنجائش نہیں۔ انہوں نے کہا کہ غزہ سے اسرائیلی افواج کا انخلا بنیادی ضرورت ہے اور بحالی و تعمیر نو کا عمل مزید تاخیر کے بغیر شروع کیا جانا چاہیے۔
