پاکستان جی ایس پی پلس فریم ورک کے تقاضے سنجیدگی سے پورے کر رہا ہے: چودھری سالک

اوورسیز پاکستانیوں اور انسانی وسائل کی ترقی کے وفاقی وزیر چودھری سالک حسین نے کہا ہے کہ پاکستان جی ایس پی پلس کے تحت بین الاقوامی ذمہ داریوں کو مکمل سنجیدگی، شفافیت اور عزم کے ساتھ پورا کر رہا ہے۔ اسلام آباد میں یورپی یونین کے جی ایس پی پلس مانیٹرنگ وفد سے ملاقات کے دوران انہوں نے کہا کہ پاکستان اور یورپی یونین کی شراکت داری صرف تجارت تک محدود نہیں، بلکہ اصلاحات کے فروغ، اداروں کی مضبوطی اور پائیدار ترقی کی طرف بھی ایک اہم قدم ہے۔

انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ پاکستان کا اقوام متحدہ کی انسانی حقوق کونسل کا رکن منتخب ہونا عالمی برادری کے پاکستان پر اعتماد کا اظہار ہے۔ چودھری سالک حسین نے کہا کہ جی ایس پی پلس اسکیم معاشی استحکام، برآمدات کے فروغ اور خصوصاً محنت کش طبقے کی معاشی بہتری کے لیے بے حد اہم ہے۔

وزیر نے وفد کو بتایا کہ حکومت نے ملک میں کم از کم اجرت میں نمایاں اضافہ کیا ہے اور مزدوروں کو اجرت کی بروقت اور مکمل ادائیگی یقینی بنانے کے لیے ہر ممکن اقدام کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت لیبر رائٹس کے تحفظ، کام کی جگہ کے تحفظ، سماجی تحفظ اور انسانی وسائل کی ترقی کے لیے جامع اصلاحاتی اقدامات کر رہی ہے، اور پاکستان بین الاقوامی محنتی کنونشنز پر مکمل عمل درآمد کے لیے پرعزم ہے۔

یورپی یونین کے وفد نے پاکستان کی مجموعی پیشرفت کو سراہا اور کہا کہ لیبر حقوق، ماحولیاتی تحفظ اور اچھی حکمرانی کے حوالے سے اصلاحات کا تسلسل جی ایس پی پلس کا درجہ برقرار رکھنے کے لیے ضروری ہے۔

Exit mobile version