وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان متحدہ عرب امارات کے ساتھ اپنے دیرینہ اور آزمودہ شراکت دارانہ تعلقات کو نہ صرف قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے بلکہ انہیں مزید مضبوط بنانے کے لیے پرعزم ہے، تاکہ دونوں ممالک کے لیے روشن اور خوشحال مستقبل کی راہیں کھل سکیں۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر اپنے پیغام میں وزیراعظم نے پاکستان کی حکومت اور عوام کی جانب سے متحدہ عرب امارات کی قیادت اور برادر عوام کو یومِ قومی پر دلی مبارک باد پیش کی۔
وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان متحدہ عرب امارات کے ساتھ اپنے تاریخی اور اعتماد پر مبنی تعلقات کو بے حد اہمیت دیتا ہے، جن کی بنیاد باہمی احترام، مشترکہ امنگوں اور عوامی رشتوں کی مضبوطی پر ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ متحدہ عرب امارات میں مقیم پاکستانی کمیونٹی دونوں ملکوں کے درمیان ایک فخر انگیز پل کی حیثیت رکھتی ہے، جو یو اے ای کی ترقی کی شاندار داستان میں اہم کردار ادا کر رہی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ شیخ محمد بن زاید النہیان کی بصیرت افروز قیادت میں متحدہ عرب امارات ترقی، جدت اور عالمی رہنمائی کی شاندار مثال کے طور پر دنیا بھر کے لیے باعثِ تحریک بنا ہوا ہے۔
