متحدہ عرب امارات کے 54ویں قومی دن پر صدر زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف کی مبارکباد

متحدہ عرب امارات کا 54واں قومی دن منگل کو منایا جا رہا ہے، جو سات امارات کے اتحاد کی یاد میں منایا جاتا ہے۔اس موقع پر صدر مملکت آصف علی زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف نے متحدہ عرب امارات کی حکومت اور عوام کو دلی مبارک باد پیش کی ہے۔

اپنے الگ الگ پیغامات میں انہوں نے کہا کہ پاکستان، امن اور خوشحالی کی مشترکہ امنگوں، باہمی اعتماد اور تاریخی تعلقات کی بنیاد پر یو اے ای کے ساتھ اپنے روابط مزید مضبوط بنانے کا خواہاں ہے۔انہوں نے کہا کہ یو اے ای میں مقیم پاکستانی برادری دونوں ممالک کے درمیان ایک اہم پل کی حیثیت رکھتی ہے اور باہمی تعلقات کو مضبوط بنانے میں کلیدی کردار ادا کرتی ہے۔

صدرِ مملکت نے کہا کہ ہمیں یقین ہے کہ تجارت، سرمایہ کاری، سکیورٹی اور دفاع سمیت مختلف شعبوں میں بڑھتا ہوا تعاون مشترکہ مقاصد کے حصول میں مزید مددگار ثابت ہوگا۔وزیراعظم نے اپنے پیغام میں کہا کہ پاکستان اور یو اے ای امن، استحکام اور ترقی کے مشترکہ اہداف کے حصول کے لیے پرعزم ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دونوں اقوام کے درمیان گرم جوشی اور قربت ایک دوسرے کے لیے موجود باہمی محبت کا مظہر ہے۔

Exit mobile version