وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے ’اپنی چھت اپنا گھر پروگرام‘ کے لیے 62 ارب روپے کی منظوری دیدی۔ وزیراعلیٰ پنجاب کی زیرصدارت خصوصی اجلاس ہوا، اس دوران انہوں نے مئی 2025 تک 40 ہزار قرضے دینے کا ہدف مقرر کر دیا۔وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ اپنی چھت اپنا گھر پروگرام کے تحت قرضے دینے کا عمل جلد از جلد مکمل کیا جائے، انہوں نے قرض 15 سے 20 لاکھ روپے کرنے کی تجویز کا جائزہ لینے کا حکم بھی جاری کیا ہے۔مریم نواز شریف نے اجلاس کے دوران متعدد اہم فیصلےکیے۔ وزیر اعلیٰ پنجاب کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ پنجاب بھر میں تقریباً 5 ہزار شہری اپنی چھت اپنا گھر پروگرام کے تحت قرض حاصل کر چکے ہیں
حکام کے مطابق صوبے میں اس پروگرام کے تحت 400 سے زائد مکان تیزی سے تکمیل کی طرف گامزن ہیں۔وزیراعلیٰ کو بتایا گیا کہ روڈا اور ہاؤسنگ اینڈ اربن ڈیولپمنٹ کے اشتراک سے نادار خاندانوں کو بھی بنے بنائے گھر دیے جائیں گے۔مریم نواز نے کہا کہ چاہتی ہوں ہر بے گھر کے پاس اپنی چھت ہو اور اپنا گھر ہر شہری کا بنیادی حق ہے، لہٰذا اس پروگرام کو تیزی سے مکمل کیا جائے تاکہ صوبے کے لوگوں کو اپنی چھت میسر آسکے۔