پاکستان پیپلز پارٹی لیڈیز ونگ خوشاب کے زیر اہتمام وزیراعظم ذوالفقارعلی بھٹو شہیدکی97ویں سالگرہ کی تقریب

پاکستان پیپلز پارٹی لیڈیز ونگ خوشاب کے زیر اہتمام وزیراعظم ذوالفقارعلی بھٹو شہیدکی97ویں سالگرہ کی تقریب کا انعقاد کیا گیا۔پاکستان پیپلز پارٹی شعبہ ءخواتین کی ضلعی صدر تطہیر صابرہ نے قائدِ عوام شہید ذوالفقار علی بھٹو کو ان کی سالگرہ کے موقع پر شاندار خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ شہید ذوالفقار علی بھٹو صرف ایک رہنما نہیں تھے؛ وہ ایک نظریہ، ایک آواز، اور پاکستان کے عوام کے لیے امید تھے۔

شہید بھٹو مظلوموں اور پسے ہوئے طبقات کی آواز بن کر سامنے آئے۔ آج کے دن ہم قائد ِ عوام کے نقشِ قدم پر چلنے کا عہد کرتے ہیں آئیے پیپلز پارٹی کے عوامی منشور کی روشنی میں اس پاکستان کے لیے کام کریں جس کا بھٹو شید نے خواب دیکھا تھاایک ایسا پاکستان جہاں ہر فرد کو ترقی کے مساوی مواقع میسر ہوں۔پیپلز پارٹی کی خاتون رہنما نور جمال نے کہا کہ عقیدہ ختم نبوت کے تحفظ کیلئے ذوالفقار علی بھٹو کی خدمات ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی۔ذوالفقار علی بھٹو شہید نے ہمیں ایٹمی قوت بنایا اور ملک کو ناقابل تسخیر بنایا، آج عوام کے محبوب اور عظیم قائد کی سالگرہ کے موقع پر ہم یہ عہد کرتے ہیں کہ ہم چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی قیادت میں شہید ذوالفقار علی بھٹو کے سیاسی نظریہ کو لے کر آگے بڑھیں گے۔

ضلعی انفارمیشن سیکرٹری شہناز شیخ نے کہا کہ شہید ذوالفقار علی بھٹو نے ملک کی خوشحالی اور ترقی کےلئے جو کردار ادا کیا اسے کبھی بھی بھلایا نہیں جا سکتا۔ان کی کمی ہمیشہ محسوس کی جاتی رہے گی۔

Exit mobile version