حکومت نے سالانہ 2 لاکھ نوجوانوں کو آئی ٹی کی تربیت دینے کا پروگرام تشکیل دیا ہے،احسن اقبال

حکومت نے ہرسال تقریبا دولاکھ نوجوانوں کو آئی ٹی مہارتیں سکھانے کیلئے ایک پروگرام تشکیل دیا ہے۔یہ بات منصوبہ بندی وترقی کے وزیر احسن اقبال نے لاہور میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔وفاقی وزیر نے کہا کہ یہ پروگرام نوجوانوں کو ملک کی ڈیجیٹل معیشت کی ترقی میں کردار ادا کرنے کے قابل بنائے گا۔

انہوں نے کہا کہ ہمارے نوجوانوں کی تخلیقی صلاحیتوں کو اجاگر کرکے عالمی سطح پر پاکستان کے فنون، ثقافت اور ورثے کو ایک برینڈ کے طور پر فروغ دیا جاسکتا ہے۔بعد میں جاری سیاسی مذاکرات کے حوالے سے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے احسن اقبال نے کہا کہ حکومت مذاکرات کی کامیابی کیلئے ہر ممکن اقدامات کررہی ہے۔

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف کی سابقہ حکومت کی پالیسیوں کی وجہ سے پاکستان کو ایک بار پھر دہشتگردی کے چیلنج کا سامنا ہے۔انہوں نے کہا کہ حکومت دہشتگردی کے ناسور سے کامیابی سے نمٹے گی جیسا کہ 2013 اور 2017 کے دوران اسے شکست دی گئی تھی۔افغانستان سے متعلق ایک سوال کے جواب میں وفاقی وزیر نے کہا کہ پاک فوج سرحد پار سے کسی بھی کارروائی کا بھرپور جواب دینے کی صلاحیت رکھتی ہے۔

Exit mobile version